نئی دہلی، 7/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) کانگریس نے ہفتے کے روز وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ اقتصادی محاذ پر مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر اپنے بیان میں کہا، ’’موڈانی حکومت کی اقتصادی پالیسیوں نے ملک کو بحران میں ڈال دیا ہے۔ ترقی کی شرح میں کمی ہو رہی ہے، روپیہ مسلسل گراوٹ کا شکار ہے، صنعتی پیداوار جمود کا شکار ہے، غیر فعال قرضوں میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ بے روزگاری اور مہنگائی اپنے عروج پر ہیں، اور روزگار کے مواقع محدود ہو رہے ہیں۔‘‘
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ زمینی حالات جی ڈی پی کی کمی سے زیادہ سنگین ہیں اور تمام اقتصادی فارمولوں میں گڑبڑ جاری ہے، پھر بھی اقتصادی اشارے مسلسل نیچے جا رہے ہیں۔ رمیش نے الزام لگایا، ’’عوام پریشان ہیں، 'موڈانی' خوش ہیں۔ بی جے پی کی حکومت نے ہندوستانی معیشت کو تباہ کر دیا ہے۔‘‘
انہوں نے اپنی ایک اور پوسٹ میں ریزرو بینک آف انڈیا کے ڈپٹی گورنر ڈاکٹر مائیکل پاترا کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’پاترا نے موجودہ اقتصادی حالات کو بہت اچھے انداز میں بیان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ معیشت اتنی تیزی سے آگے نہیں بڑھ رہی جتنی تیزی سے بڑھنی چاہیے کیونکہ نجی سرمایہ کاری نہیں بڑھ رہی اور مینوفیکچرنگ شعبہ میں ترقی سست ہے۔‘‘ رمیش نے یہ بھی کہا کہ یہ دونوں عوامل صارفین کی طرف سے مانگ میں کمی کی وجہ سے ہیں، جو مہنگائی کی مار جھیل رہے ہیں۔